عراق، حکومت مخالف مظاہروں پر پولیس فائرنگ، 5 ہلاک

جنوبی عراق کے شہر ناصریہ  میں سیکیورٹی فورسز نے حکومت مخالف مظاہرین پر براہِ راست فائرنگ کی

جنوبی عراق کے شہر ناصریہ میں سیکیورٹی فورسز نے حکومت مخالف مظاہرین پر براہِ راست فائرنگ کی

بغداد ۔۔۔ نیوز ٹائم

عراق میں حکومت کے خلاف مظاہروں کے دوران پولیس کی فائرنگ سے 5 افراد ہلاک ہو گئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی عراق کے شہر ناصریہ (Nasiriyah) میں سیکیورٹی فورسز نے حکومت مخالف مظاہرین پر براہِ راست فائرنگ کی۔  پرتشدد مظاہروں کے دوران 120 مظاہرین اورسیکیورٹی فورسز کے 57 اہلکار زخمی ہوئے۔  کورونا وائرس کی وجہ سے اس علاقے میں لاک ڈائون نافذ ہے، تاہم مظاہرین اس کی پروا کیے بغیر سڑکوں پر نکل آئے۔ احتجاج کے دوران شہریوں نے حکومت کی خراب کارکردگی پر ریاست ذی قار (Dhi Qar) کے گورنر سے استعفے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے دوران مشتعل افراد نے پولیس پر پتھرائو کیا اور پیٹرول بم بھی پھینکے۔  مظاہرین نے سرکاری عمارتوں میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی، جس پر پولیس اہلکاروں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔ مظاہرین نے شہر کے اہم پل کو بند کر دیا تھا، جسے کھلوانے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے طاقت کا استعمال کیا۔

ادھر عراق میں انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے دفتر نے بھی مظاہرین کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ ایمنسٹی نے ناصریہ (Nasiriyah) سے آنے والی وڈیوز کی تصدیق کر لی ہے۔ ان وڈیوز میں اہلکاروں کو فائرنگ کرتے اور گلیوں میں مظاہرین کی لاشیں دیکھیں جا سکتی ہیں۔ عالمی تنظیم نے عراقی حکومت سے خون خرابہ بند کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہلاکتوں کے ذمے داران کو قانون کی گرفت میں لانے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ جنوبی عراق چند برس کے دوران مظاہروں کا گڑھ بن چکا ہے۔ کئی علاقوں میں حکومت کی کارکردگی صفر ہو چکی ہے اور عوام بہت پریشان ہیں۔ بجلی اور پانی کے مسائل نے لوگوں کی زندگیاں اجیرن کر رکھی ہیں۔ 2019 میں بھی اس علاقے بڑے پیمانے پر پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے، جس کے باعث اس وقت کے وزیر اعظم عادل عبد المہدی (Adil Abdul-Mahdi) کو استعفی دینا پڑا تھا۔ کئی ماہ تک جاری رہنے والے مظاہروں میں 600 سے زیادہ مظاہرین ہلاک ہوئے تھے۔ وزیر اعظم مصطفی الکاظمی (Mustafa al-Kazemi) نے ہلاک ہونے والوں کو انصاف دلانے کا وعدہ کیا تھا، تاہم اب تک کوئی عدالتی کارروائی شروع نہیں ہو پائی ہے۔

No comments.

Leave a Reply