امریکا میں ایشیائی برادری پر حملوں کے خلاف احتجاج

نیو یارک کے یونین اسکوائر پر احتجاج

نیو یارک کے یونین اسکوائر پر احتجاج

نیو یارک ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکی سینیٹرز اور ارکان کانگریس نے نسلی منافرت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایشیائی برادری پر حالیہ حملے کی مذمت کی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا میں گزشتہ چند دنوں سے ایشیائی برادری شدت پسندوں کے نشانے پر تھی، جس کے خلاف نیو یارک کے یونین اسکوائر پر احتجاج کیا گیا۔ اجتماع میں میئر، سینیٹرز اور ارکان کانگریس نے شرکت کی، اور ایشیائی برادری پر حالیہ حملے کی مذمت کی۔ احتجاج میں شریک شرکا نے تعصب، نسلی منافرت کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مقررین نے خطاب میں کہا کہ ٹرمپ کے دور میں پھیلائی گئی نسلی منافرت کے نتائج بھگت رہے ہیں۔ تعصب اور نسلی منافرت کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ یونین اسکوائر پر شرکا نے اٹلانٹا میں ہلاک افراد کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔  منگل کے روز جنوبی ریاست جارجیا میں ہونے والے مسلح حملوں کے 8 ہلاک شدگان کے لیے خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ ہلاک شدگان میں سے 6 ایشیائی نسل سے تعلق رکھتے تھے۔ شرکا نے کتبوں پر ایشیائی باشندوں کے خلاف نفرت ختم کرو لکھا ہوا تھا۔ انہوں نے نسلی تعصب کے خلاف لڑنے کے لیے یکجہتی کا عہد کیا۔

دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس نے ریاست جارجیا کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے امریکی عوام سے اپیل کی کہ وہ نفرت کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہوں۔  بائیڈن اور ہیرس نے یقین دہانی کرائی کہ امریکا میں نفرت کی کوئی جگہ نہیں اور اسے معاشرے سے ختم کرنا عوام کی اجتماعی ذمے داری ہے۔ دونوں رہنمائوں نے حالیہ پرتشدد واقعے کے متاثرین کے ساتھ ایک گھنٹے سے زائد وقت گزارا۔ ایشیائی امریکی برادری کے رہنمائوں سے ملاقات کے بعد اٹلانٹا میں ایمورے یونیورسٹی سے خطاب کرتے ہوئے بائیڈن نے اعتراف کیا کہ گزشتہ سال ایشیائی امریکیوں کے خلاف نفرت میں آسمان کی بلندی کو چھوتا ہوا اضافہ ہوا۔

No comments.

Leave a Reply