بھارت ممکنہ طور پر پاکستان کے خلاف طاقت کا استعمال کر سکتا ہے، امریکی رپورٹ

خطرے کے جائزے کی سالانہ رپورٹ یو ایس ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلیجنس نے تیار کی—فائل فوٹو

خطرے کے جائزے کی سالانہ رپورٹ یو ایس ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلیجنس نے تیار کی—فائل فوٹو

واشنگٹن ۔۔۔ نیوز ٹائم

ایک امریکی انٹیلجنس رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارت، پاکستان کی جانب سے سمجھے جانے والی یا حقیقی اشتعال انگیزی پر فوجی طاقت سے جواب دے سکتا ہے۔ اخبار کی رپورٹ کے مطابق خطرے کے جائزے کی سالانہ رپورٹ 2021 ء یو ایس ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلیجنس نے تیار کر کے کانگریس کو ارسال کی ہے۔ رپورٹ میں چین کی عالمی طاقت کے لیے کوشش کو امریکی مفادات کے لیے سب سے پہلا خطرہ قرار دیا گیا جس کے بعد روس کے اشتعال انگیز اقدامات اور ایران سے متعلق خطرات ہیں۔ تعارفی نوٹ میں ڈائریکٹر ڈی این آئی ایورل ہینز (Avril Haines) نے لکھا کہ یہ رپورٹ پالیسی بنانے والوں، جنگیں لڑنے والوں اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نازک پہلو، آزادانہ اور سادہ جائزہ فراہم کرتی ہے۔ جنوبی ایشیا سے ممکنہ خطرات کا جائزہ لیتے ہوئے رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارت کی جانب سے ماضی کی بنسبت پاکستان کی سمجھے جانے والی یا حقیقی اشتعال انگیزی پر فوجی طاقت سے جواب دینے کا زیادہ امکان ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ خطے میں سخت کشیدگی نے 2 جوہری ہتھیاروں سے لیس ہمسایہ ممالک کے مابین تنازع کا خطرہ بڑھا دیا ہے جس میں کشمیر میں پرتشدد بے امنی یا بھارت میں عسکری حملہ ممکنہ خطرات ہیں۔ ساتھ ہی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ سال 2021 ء کے دوران بھارت اور پاکستان کے بیچ ‘ایک عمومی جنگ’ کا امکان نہیں لیکن دونوں کے درمیان بحران مزید شدید ہو سکتا ہے جس سے کشیدگی کے چکر کا خطرہ ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل کانگریس کو بھجوائی گئی ایک اور امریکی انٹیلجنس رپورٹ میں خبردار کیا گیا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان آئندہ 5 سالوں میں حقیقی یا سمجھی گئی اشتعال انگیزی پر جنگ ہو سکتی ہے۔

No comments.

Leave a Reply