ماسکو: الیکسی ناولنی کے حق میں ریلیاں، 1500 افراد گرفتار

مظاہرین 3 ہفتے سے بھوک ہڑتال پر موجود الیکسی ناولنی سے اظہارِ یکجہتی اور ان کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے

مظاہرین 3 ہفتے سے بھوک ہڑتال پر موجود الیکسی ناولنی سے اظہارِ یکجہتی اور ان کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے

ماسکو  ۔۔۔ نیوز ٹائم

روس میں صدر ولادیمیر پیوٹن کے شدید ناقد اور زیر حراست اپوزیشن رہنما الیکسی ناولنی کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں۔  خبر رساں اداروں کے مطابق ماسکو اور سینٹ پیٹرزبرگ میں ہزاروں افراد مختلف ریلیوں کی شکل میں سڑکوں پر آئے۔ اس دوران روسی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کیں۔ رپورٹوں کے مطابق اس دوران 1500 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔  مظاہرین 3 ہفتے سے بھوک ہڑتال پر موجود الیکسی ناولنی سے اظہارِ یکجہتی اور ان کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔  دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے مغربی طاقتوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ روس کے داخلی معاملات میں مداخلت سے باز رہیں۔  سیاست، معیشت اور ثقافتی شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کے سامنے گزشتہ روز خطاب میں صدر پیوٹن نے خارجی امور اور عالمی سیاست پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کل روس کے خلاف ہرزہ سرائی ایک عادت سی بن گئی ہے۔   انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بعض ممالک نے جہاں انہیں موقع ملے، روس پر بلاوجہ تنقید کو ایک خراب عادت بنا لیا ہے، جیسا کہ یہ کوئی کھیل ہو، جس میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ کون زیادہ بڑھ چڑھ کر روس کے خلاف بولتا ہے۔  ساتھ ہی روسی صدر نے مغربی طاقتوں کو خبردار کیا کہ انہیں سرخ لکیر عبور کرنے سے باز رہنا چاہیے۔  انہوں نے کہا کہ روس کے بنیادی مفادات کے خلاف اشتعال انگیزی کرانے والے کو ایسی ندامت ہو گی، جو انہیں لمبے عرصے سے نہ ہوئی ہو گی۔  ادھر روسی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی فوجی علاقے کی یونٹوں اور پیرا ٹروپ یونٹوں کی مشترکہ فوجی مشقیں کریمیا میں آبنائے کرچ کے داخلی حصے کے قریب واقع اوپک پولیگون میں شروع ہو گئی ہیں۔

No comments.

Leave a Reply