ہیکرز نے تاوان کے لیے واشنگٹن پولیس کے کمپیوٹرز پر قبضہ کر لیا

اسی ماہ بابک نے ہوسٹن راکٹس باسکٹ بال ٹیم کا نیٹ ورک ہیک کر لیا تھا، فوٹو انٹرنیٹ

اسی ماہ بابک نے ہوسٹن راکٹس باسکٹ بال ٹیم کا نیٹ ورک ہیک کر لیا تھا، فوٹو انٹرنیٹ

 واشنگٹن ڈی سی ۔۔۔ نیوز ٹائم

ہیکرز نے واشنگٹن کے محکمہ پولیس کے کمپیوٹر نیٹ ورک کو ہیک کر لیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق رینسم ویئر (ransomware)  (کمپیوٹر نیٹ ورک ہیک کر کے تاوان وصول کرنا) گروپ Babuk نے واشنگٹن  پولیس کو دھمکی دی ہے کہ اگر انہوں نے 3 دن میں رابطہ نہیں کیا تو پھر وہ ان کے نیٹ ورک میں موجود پولیس کے مخبروں کی حساس معلومات افشا کر دیں گے۔ رپورٹ کے مطابق واشنگٹن ڈی سی کے محکمئہ پولیس نے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا تھا کہ ہم اپنے سرورز میں غیر مجاز رسائی سے آگاہ ہیں اور اس کے مکمل اثرات کا جائزہ  لینے کے ساتھ ساتھ اس معاملے کی مکمل تفتیش کے لیے ایف بی آئی سے بھی رابطے میں ہیں۔ واشنگٹن پولیس نے اس معاملے کی زیادہ تفصیلات ظاہر نہیں کی ہیں، اور نہ ہی ابھی تک یہ بات واضح ہے کہ ہیکرز کی کارروائی کے بعد پولیس کی اپنے نظام تک رسائی  ہے یا نہیں۔ Babuk رواں سال سامنے آنے والا ایک نیا رینسم ویئر (ransomware) گروپ ہے، جس کے ارکان روسی زبان بولتے ہیں۔  گروپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم نے محکمئہ پولیس کے انٹرنل نیٹ ورک سے بہت ساری معلومات کو ڈائون لوڈ کر لیا ہے۔

دوسری جانب گروپ کی جانب سے ڈارک ویب اور سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے اسکرین شاٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ Babuk  پولیس ریکارڈ میں موجود جرائم پیشہ گروپوں کی سرگرمیوں اور انٹیلی جنس رپورٹس تک رسائی حاصل کر چکا ہے۔ خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی اس سارے معاملے کی چھان بین کر رہی ہے، سائبر حملہ آوروں کی جانب سے یہ پہلا واقعہ ہے جس میں انہوں نے پولیس ڈیپارٹمنٹ کے کمپیوٹرز اور حساس معلومات تک رسائی حاصل کی ہے۔ عموما ہیکر بڑی کمپنیوں یا اداروں کے سیکیورٹی نظام میں داخل ہو کر حساس معلومات تک رسائی حاصل کر لیتے ہیں اور نیٹ ورک تک رسائی واپس دینے کے لیے بھاری تاوان کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اسی ماہ Babuk  نے ہوسٹن راکٹس باسکٹ بال ٹیم کا نیٹ ورک ہیک کر کے کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ اور مالیاتی اعداد و شمار تک رسائی حاصل کر لی تھی اور تاوان لے کر نیٹ ورک پر سے اپنا قبضہ ختم کیا تھا۔

No comments.

Leave a Reply