بیجنگ سرمائی اولمپکس کے آغاز میں ایک ماہ باقی

چین میں سرمائی اولمپکس پہلی بار منعقد ہوں گے

چین میں سرمائی اولمپکس پہلی بار منعقد ہوں گے

بیجنگ ۔۔۔ نیوز ٹائم

بیجنگ سرمائی اولمپک کھیلوں کے آغاز سے صرف ایک ماہ پہلے چین کے حکام کورونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کیلئے اقدامات نافذ کرنے میں مصروف ہیں۔ چین میں سرمائی اولمپکس پہلی بار منعقد ہوں گے۔ ان کھیلوں کا آغاز 4 فروری کو دارالحکومت بیجنگ اور ہمسایہ صوبے ہیبے (Hebei) کے شہر ژانگ جیاک (Zhangjiakou) میں ہو گا۔ انتظامیہ نے پیر کے روز ”برڈز نیسٹ” نیشنل اسٹیڈیم میں تمغوں کی ایک تقریب کی مشق کی جو افتتاحی تقریب کی میزبانی کرے گا۔ ذرائع ابلاغ کو دکھائے گئے مشق کے دورانیے میں ماسک پہنے عملے کے ارکان نے تمغے جیتنے والوں کا کردار ادا کیا۔ وہ پوڈیم پر چڑھے، تمغے وصول کیے اور انہیں اپنی گردن میں لٹکایا۔ چین نے اتوار کے روز 161 متاثرین کی تصدیق کی ہے جن میں سے 90 شانشی صوبے کے شہر شیان میں تھے۔ تقریبا ایک کروڑ 30 لاکھ کی آبادی کا یہ شہر عملا 10 روز سے زیادہ عرصہ لاک ڈائون میں ہے۔ ملک بھر میں نئے سال کی تقریبات کو منسوخ کر دیا گیا تھا جبکہ وائرس کے ممکنہ پھیلائو کے تناظر میں انتظامیہ پہلے سے زیادہ چوکنا تھی۔ کھیلوں میں صرف مقامی شائقین کو اجازت دی جائے گی۔ تاہم منتظمین نے شائقین کی تعداد سمیت دیگر تفصیلات کا ابھی تک اعلان نہیں کیا ہے۔ انتظامیہ وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کی کوششوں کے حصے کے طور پر کھیلوں سے متعلقہ افراد کو دیگر لوگوں سے جسمانی طور پر علیحدہ رکھنے کیلئے ایک ”ببل” نظام لاگو کرے گی۔

No comments.

Leave a Reply