داعش کا آئل فیلڈ پر حمہ 30 شامی فوجی ہلاک

شام میں شدت پسند تنظیم داعش کا آئل اینڈ گیس فیلڈ پر حملہ

شام میں شدت پسند تنظیم داعش کا آئل اینڈ گیس فیلڈ پر حملہ

بیروت، دمشق ۔۔۔ نیوز ٹائم

شام میں شدت پسند تنظیم داعش کا آئل اینڈ گیس فیلڈ پر حملہ، 30 فوجی ہلاک، درجنوں زخمی، فریقین میں جھڑپیں جاری، شامی باغی داعش کے خلاف لڑائی کے لیے کوبانی پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق شام کے صوبہ حمص میں داعش نے ایک آئل اینڈ گیس فیلڈ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 30 فوجی مارے گئے جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔ فریقین میں تاحال جھڑپیں جاری ہیں۔ شامی مبصر گروپ نے بتایا کہ داعش جنگجوئوں نے فیلڈ کے بعض حصوں پر قبضہ کر لیا ہے، گروپ کے ڈائریکٹر رمی عبد الرحمن کا کہنا تھا کہ جھڑپوں میں جنگجو بھی مارے گئے ہیں تاہم ان کی تعداد معلوم نہیں ہو سکی۔ شامی حکومت کے حلیف اخبار روز نامہ الوطن کا کہنا ہے کہ شامی فوج علاقے کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ دوسری جانب فری سیرین آرمی سے تعلق رکھنے والے 200 باغی داعش کے خلاف لڑائی کے لیے سرحدی قصبے کوبانی پہنچ گئے۔ کوبانی کرد اکثریتی قصبہ ہے اور ترکی کی سرحد کے ساتھ واقع ہے۔ قبل ازیں 150 عراقی کرد جنگجوئوں کا ایک دستہ ترکی پہنچا جہاں سے وہ کوبانی جائے گا۔ یہ دستہ ہوائی جہاز کے ذریعے ترکی پہنچا اور اس کے پاس توپ خانے نے سمیت دیگر بھاری اسلحہ موجود ہے۔ کرد جنگجوئوں کا دستہ عراقی شہر اربیل سے روانہ ہوا تھا۔ ترکی نے گزشتہ ہفتے کردوں کو قصبہ کوبانی جانے کی اجازت دے دی تھی۔ ترکی پر عالمی دبائو ہے کہ وہ کوبانی کو داعش سے بچانے کے لیے مزید اقدامات کرے۔ ترکی کرد جنگجوئوں کو مسلح کرنے کے خلاف ہے، اس کا خیال ہے کہ اس اقدام سے بعد میں اس کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہے۔ ادھر ریڈیو تہران کے مطابق کردوں کی دو جماعتوں پی کے کے اور وائی پی جی نے ترکی اور نیٹو کی جانب سے مدد کی پیشکش ٹھکراتے ہوئے شامی حکومت کے خلاف لڑنے سے انکار کر دیا ہے۔

No comments.

Leave a Reply