سارک کانفرنس: پاک بھارت رابطہ نواز، مودی مصافحے تک محدود

سارک سربراہ کانفرنس کے اختتامی سیشن میں وزیر اعظم نواز شریف اور بھارتی وزیر اعظم نریند مودی نے رسم دنیا نبھاتے ہوئے آپس میں ہاتھ ملایا

سارک سربراہ کانفرنس کے اختتامی سیشن میں وزیر اعظم نواز شریف اور بھارتی وزیر اعظم نریند مودی نے رسم دنیا نبھاتے ہوئے آپس میں ہاتھ ملایا

کھٹمنڈو ۔۔۔ نیوز ٹائم

نیپال میں اٹھارہویں سارک سربراہ کانفرنس کے اختتامی سیشن میں وزیر اعظم نواز شریف اور بھارتی وزیر اعظم نریند مودی نے تعلقات میں تلخی کے باوجود رسم دنیا نبھاتے ہوئے آپس میں ہاتھ ملایا اور مسکراہٹ اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا۔ دوسری جانب سارک کے رکن ممالک کے درمیان بجلی کے اشتراک کا معاہدہ ہوا۔ جمعرات کو سارک سربراہ کانفرنس کے اختتامی سیشن کے موقع پر پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم نے ایک دوسرے کے ساتھ مصافحہ کیا۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں وزرائے اعظم نے کم و بیش 30 سیکنڈ تک ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے رکھا اور اس دوران مسکراہٹ اور جملوں کا تبادلہ کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق دونوں رہنمائوں کو ہاتھ ملاتے دیکھ کر افغان صدر اشرف غنی بھی دور سے آئے اور مصافحے کی زنجیر میں بندھ گئے، جس پر شرکا نے تالیاں بجا کر خیر مقدم کیا۔ ذرائع کے مطابق یہ رسمی ملاقات تو نہ تھی، پر دونوں وزرائے اعظم جب قریب آئے تو سب کی نظریں ان پر جم گئیں، دونوں ادھر ادھر سے ملتے جلتے ایک دوسرے کے نزدیک پہنچے اور مصافحہ کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق مختصر بات چیت میں بھارتی وزیر اعظم نے نواز شریف کا نئی دہلی میں اپنی حلف برداری تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا، جس پر وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ حلف برداری تقریب میں شرکت کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانا تھا، تاہم بدقسمتی سے تعلقات بڑھنے کے بجائے دونوں ممالک کے خارجہ سیکریٹریوں کے درمیان مذاکرات معطل ہو گئے۔ وزیر اعظم نے نریندر مودی کو نئی دہلی میں دی گئی دورہ پاکستان کی دعوت کا ذکر بھی کیا۔ علاوہ ازیں سارک اجلاس کے آخری دن توانائی کی شراکت کے بارے میں ایک معاہدے پر دستخط کر لئے گئے، تاہم خطے میں معاشی تعاون کے دو دیگر معاہدوں پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔ 8 رکن ممالک میں مشترکہ گرڈ کے ذریعے بجلی کی شراکت کا ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔

No comments.

Leave a Reply