کوبانی میں امریکی بمباری سے 28 داعش جنگجو ہلاک

کوبانی میں امریکی بمباری سے 28 داعش جنگجو ہلاک

کوبانی میں امریکی بمباری سے 28 داعش جنگجو ہلاک

دمشق ۔۔۔ نیوز ٹائم

 ترکی کی سرحد کے ساتھ شامی قصبے کوبانی میں داعش کے ٹھکانوں پر امریکی بمباری سے 28 جنگجو ہلاک ہو گئے، جبکہ دولت اسلامیہ کے گزشتہ روز کے خودکش حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 تک پہنچ گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اتوار کے روز کوبانی میں داعش کے ٹھکانوں پر امریکی طیاروں کی بمباری سے 28 جنگجو ہلاک، متعدد زخمی ہو گئے۔ برطانیہ میں قائم سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا کہ امریکہ نے کوبانی کے مشرقی علاقے میں دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں پر دو فضائی حملے کیے۔ دولت اسلامیہ نے گزشتہ دو مہینوں سے جاری لڑائی کے دوران کوبانی کے بعض حصوں اور اس  کے ارد گرد درجنوں دیہات پر کنٹرول حاصل کیا ہے۔ لیکن اسے مقامی کرد فورسز کی جانب سے شدید مقابلے کا سامنا ہے۔ ان کرد فورسز کو معمولی تعداد میں شامی عربوں اور عراقی کردو جن کی مدد بھی حاصل ہے، جبکہ امریکہ بھی فضائی حملوں کے ذریعے ان کی مدد کر رہا ہے۔ کوبانی میں لڑائی کے دوران سینکڑوں افراد ہلاک اور تقریباً دو لاکھ سے زائد افراد ترکی میں پناہ گزین ہونے پر مجبور ہوئے ہیں۔ خیال رہے کہ شام و عراق کے وسیع علاقے پر دولت اسلامیہ کا کنٹرول ہے۔ دریں اثنا شام میں القاعدہ کی ذیلی تنظیم النصرہ فرنٹ نے شورش زدہ شہر حلب میں بشار الاسد کے حامیوں کا گڑھ سمجھے جانے والے شمالی قصبے الزہرا اور اہم فوجی ٹھکانے کی طرف پیش قدمی شروع کر دی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق النصرہ فرنٹ کے جنگجوئوں نے الزہرا ٹائوں کے قریب شامی فوج کے مختلف ٹھکانوں پر بارود سے بھری گاڑیوں سے حملے کیے ہیں،جس کے بعد فریقین میں گھمسان کی جنگ جاری ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ النصرہ فرنٹ کے جنگجوئوں نے شمالی حلب میں صدر بشار الاسد کے اہم مرکز الزہرا قصبے کے جنوب اور مشرقی اطراف سے حملے کیے، جس کے بعد سرکاری فوجیوں کوپسپائی اختیار کرنا پڑی ہے۔

No comments.

Leave a Reply