ڈاکٹر شکیل آفریدی پر قتل کا الزام عائد، امریکی محکمہ خارجہ کی تنقید

ڈاکٹر شکیل آفریدی

ڈاکٹر شکیل آفریدی

واشنگٹن ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکی محکمہ خارجہ نے اسامہ بن لادن کو ڈھونڈنے میں مدد کرنے والے ڈاکٹر شکیل آفریدی پر قتل کا مقدمہ دائر کرنے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ شکیل آفریدی کی اسامہ کو ڈھونڈنے میں مدد پوری دنیا کے لئے تھی، ان پر قتل کے الزامات تشویش ناک ہیں،  پاکستان ان کے خلاف مقدمے کی منصفانہ سماعت کو یقینی بنائے۔ امریکی دفتر خارجہ میں بریفنگ کے دوران ڈاکٹر شکیل آفریدی پر قتل کے الزامات عائد کرنے پر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ انہوں نے کہا گزشتہ ہفتے ڈاکٹر شکیل آفریدی پر لگائے گئے ان الزامات کی وجہ سے ہمیں تشویش ہے۔ اسامہ بن لادن کی رہائش گاہ کی تلاش میں ڈاکٹر شکیل نے پوری دنیا اور بالخصوص ان پاکستانیوں کی مدد کی جنہوں نے القاعدہ کی کارروائیوں میں اپنے پیاروں کو کھو دیا تھا، یہ ایک خدمت تھی۔ مذکورہ امریکی اہلکار نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ یقین دہانی کروائیں کہ ڈاکٹر شکیل پر ان نئے الزامات کے لیے مقدمے کی منصفانہ طور پر سماعت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کے خلاف غیر منصفانہ طریق کار اختیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں ڈاکٹر شکیل کی صحت اور ان کی سلامتی سے متعلق تشویش ہے اور ہم نے پاکستانی حکومت سے شکیل آفریدی اور ان کے خاندان کی حفاظت پر زور دیا ہے کیونکہ وہ نا صرف جیل میں ہیں، بلکہ ان پر نئے جرم کا الزام بھی عائد کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ شکیل آفریدی پر سرجن نہ ہونے کے باوجود بچے کی سرجری اور اس کے نتیجے میں بچے کی موت پر خیبر پختونخواہ کی حکومت نے بچے کی والدہ کی درخواست پر قتل کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔

No comments.

Leave a Reply