امریکہ: شمال مشرقی ریاستوں کو شدید برفانی طوفان کا سامنا

پیر کی شام بوسٹن سے لے کر ورجینیا تک ہلکی یا تیز برف باری ہوتی رہی

پیر کی شام بوسٹن سے لے کر ورجینیا تک ہلکی یا تیز برف باری ہوتی رہی

واشنگٹن ۔۔۔ نیوز ٹائم

امریکہ کے شمال مشرقی علاقے میں پیر کے دِن ہونے والی موسم سرما کی شدید برف باری اور طوفان سے سرد موسم کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ خراب موسم کے باعث ہزاروں کی تعداد میں فضائی پروازیں منسوخ ہوئیں، عوامی سفری سہولیات محدود ہو کر رہ گئی ہیں، جبکہ سینکڑوں سکول بند کر دیے گئے ہیں۔ ادھر محکمہ موسمیات نے منگل کی صبح تک علاقے میں مزید تین فٹ برف باری  کی پیش گوئی کی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیو یارک، نیو جرسی، کنیٹی کٹ اور میساچیوسٹس کی ریاستوں میں ہنگامی صورت حال کا اعلان کیا گیا ہے، جہاں کے لاکھوں مکینوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھر سے باہر نہ نکلیں، جبکہ ریل اور بسوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔ پیر کے دِن واشنگٹن، ورجینیا اور میری لینڈ کے سرکاری دفاتر میں حاضری کم رہی،  سکول بند رہے جبکہ مارکیٹیں یا تو بند رہیں یا پھر خرید و فروخت بری طرح متاثر رہی۔ پیر کی شام بوسٹن سے لے کر ورجینیا تک ہلکی یا تیز برف باری ہوتی رہی۔ اہلکاروں کے مطابق پیر کی رات پنسلوانیہ، ڈلاویر اور میری لینڈ کے علاوہ واشنگٹن اور ورجینیا میں کم درجے سے لے کر شدید سطح کی برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ادھر نیو یارک کے میئر بِل ڈی بلاسیو نے اعلان کیا ہے کہ تاریخی سطح کا برفانی طوفان منگل کی صبح تک شہر کو زد میں لا سکتا ہے، اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے ضروری کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ محکمہ موسیمات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ پیر کی رات اور منگل کو نیو یارک سٹی اور نیو جرسی اور کنیٹی کٹ کے ساحلی علاقوں کو شدید برف باری کا خطرہ ہے۔

No comments.

Leave a Reply