ایران کو ایٹمی طاقت نہیں بننے دیں: نیتن یاہو

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو

مقبوضہ بیت المقدس ۔۔۔ نیوز ٹائم

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران کو ایٹمی طاقت نہیں بننے دیں گے۔ اسرائیل کے خلاف ایران گولان کی پہاڑیوں میں نیا محاذ کھولنا چاہتا ہے۔ گزشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں مزید کہا کہ امریکی کانگریس دنیا کے فیصلے کرنے اور منطوری دینے والا ادارہ ہے۔ مارچ میں امریکی کانگریس سے ضرور خطاب کروں گا اور بتائوں گا کہ ایرانی حکومت سے ایٹمی معاہدہ اسرائیل اور عالمی امن کے لیے خطرہ ہو گا۔ واضح رہے کہ امریکی صدرباراک اوباما نیتن یاہو کے کانگریس سے خطاب کی مخالفت کر چکے ہیں اور کہہ چکے ہیں کہ واشنگٹن میں اسرائیلی وزیر اعظم کی حفاظت کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ علاوہ ازین ایک برطانوی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم اور اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد میں ایران کے جوہری پروگرام پر اختلافات تھے، نیتن یاہو نے اقوام متحدہ میں غلط بیان دیا کہ ایران ایک سال میں ایٹم بم بنا لے گا۔ منظر عام پر آنے والی خفیہ کیبلز کے مطابق موساد کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایران ایسی کوئی سرگرمی نہیں کر رہا جو ایٹمی ہتھیار بنانے کے لیے ضروری ہوتی ہے۔ دوسری جانب 2012 ء میں اسرائیل کے وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کو بتایا تھا کہ ایران کو روکنے کی ضرورت ہے کیونکہ وہ 2013 ء تک جوہری ہتھیار بنا سکتا ہے۔ ایک اسرائیلی افسر نے کہا ہے کہ یہ خبر درست ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام پر موساد اور اسرائیلی وزیر اعظم کو موقف بالکل مختلف تھا۔ موساد نے ایران کے ایٹم بم بنانے کے حوالے سے خدشہ کو رد کیا تھا۔

No comments.

Leave a Reply