خلیج عرب، آبنائے ہرمز اور بحر عمان پر قبضہ مشکل نہیں: ایران

جنرل کمانڈر ایرانی پاسداران انقلاب محمد جعفری

جنرل کمانڈر ایرانی پاسداران انقلاب محمد جعفری

دبئی ۔۔۔ نیوز ٹائم

جنرل کمانڈر ایرانی پاسداران انقلاب محمد جعفری نے ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ ان کا ملک خلیج عرب، بحر عمان اور آبنائے ہرمز پر قبضہ کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو کمزور ملک نہ سمجھا جائے۔ تہران ایک مضبوط دفاعی طاقت ہے جو اپنے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ خیال رہے کہ ایران میں گزشتہ تین عشرون سے برسراقتدار شخصیات کی جانب سے اسی نوعیت کی مسلسل دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں۔ خطے میں جب بھی کوئی بحران سر اٹھاتا یا ایران کو بیرونی دبائو کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو اس کی جانب سے دھمکیوں کا لامتناہی سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ جنرل جعفری کی جانب سے حالیہ دھمکی بھی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب ایران کو اپنے متنازع جوہری پروگرام کے باعث سخت عالمی دبائو کا سامنا ہے۔ تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل محمد علی جعفری نے کہا کہ ان کا ملک اس وقت نمایاں دفاعی قوت بن چکا ہے۔ انہوں نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ ایران کی بحریہ خلیج عرب، آبنائے ہرمز اور بحر عمان پر کسی بھی وقت قبضہ کر سکتی ہے۔ جنرل جعفری کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا جب ایران نے خلیج عرب میں بحری اور فضائی مشقیں شروع کر رکھی ہیں۔ جنرل جعفری نے کہا کہ مشقوں میں ایرانی فوج نے اپنے ابتدائی اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ ایرانی جنرل نے کہا کہ ہم نے دنیا کو متعدد مرتبہ یہ پیغام بھیجا ہے کہ ہم اپنے دشمن ممالک کو خطے میں اپنے اثر و نفوذ کو بڑھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ضرورت پڑی تو ہم خلیج عرب پر قبضہ کر سکتے ہیں تاہم جنرل جعفری نے جنگی مشقوں کے حوالے سے خلیجی ممالک کو مطمئن کرنے کی بھی کوشش کی اور کہا کہ اگرچہ جنگی مشقوں میں ایران نے اپنی دفاعی صلاحیت کا بھر پور مظاہرہ کیا ہے مگر ہم خطے کے تمام ممالک کو امن کا پیغام بھی دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خلیج عرب اور آبنائے ہرمز میں امن و امان کا قیام ایران اور خلیج سب کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہ کہ ایران نے خلیجی ممالک کے ساتھ اپنا بھائی چارہ ثابت کیا ہے۔ ہماری جنگ ان دشمنوں کے خلاف ہے جو باہر سے آ کر یہاں اپنا رسوخ قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا اشارہ مبینہ طور پر امریکہ کی جانب تھا۔

No comments.

Leave a Reply