یمنی شیعہ باغیوں پر سعودی قیادت میں عرب ممالک کے حملے، 25 ہلاک

یمن میں شیعہ باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی قیادت میں 10 ملکوں کی فضائیہ نے حملے شروع

یمن میں شیعہ باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی قیادت میں 10 ملکوں کی فضائیہ نے حملے شروع

ریاض، واشنگٹن ۔۔۔ نیوز ٹائم

یمن میں شیعہ باغیوں کے خلاف سعودی عرب کی قیادت میں 10 ملکوں کی فضائیہ نے حملے شروع کر دیئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین اور مراکش سمیت 10 ملکوں کی فضائیہ نے یمن حوثی باغیوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ روز کارروائی میں 25 باغی ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے۔ عدن میں بمباری سے باغیوں کے زیر قبضہ 6 جنگی طیارے تباہ کر دیئے گئے۔ دوسری جانب سرکاری افواج نے باغیوں کے زیر کنٹرول عدن بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دوبارہ قبضہ کر لیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق یمن میں کارروائی کے دوران سعودی ایئر فورس نے حوثی باغیوں کے متعدد جنگی طیارے تباہ کر دیئے ہیں۔ عرب ٹی وی نے بتایا ہے کہ سعودی عرب نے حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی کے لیے خلیجی اتحاد میں اپنے 100 جنگی طیارے اور ڈیڑھ لاکھ فوجی بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ واشنگٹن میں نیوز کانفرنس کے دوران امریکہ میں سعودی سفیر عادل الجبیر نے بتایا کہ ان کی فوج نے یمن میں صدر ہادی کی درخواست پر حوثی قبائلیوں کے خلاف فوجی آپریشن شروع کیا ہے۔ فوجی کارروائی میں فضائی طاقت استعمال کی جا رہی ہے اور اسے دیگر خلیجی ریاستوں کی حمایت بھی شامل ہے۔ سعودی سفیر کے مطابق یمن کے صدر منصور ہادی کی قانونی حکومت کو بچانے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا۔ دوسری جانب مصر اور سوڈان نے بھی حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ مصر کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی کے لیے مصر کی جانب سے بری، فضائی اور سمندری مدد فراہم کی جائے گی۔ اطلاعات کے مطابق اس وقت عدن شہر کے مضافات میں قبائلیوں کی صدر ہادی کی حامی سیکیورٹی فورسز سے جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ عدن شہر سے 60 کلو میٹر دور اس ہوائی اڈے سے گزشتہ ہفتے امریکی اور مغربی فوجی ماہرین کو واپس بلا لیا گیا تھا۔

No comments.

Leave a Reply