اہالیان غزہ کو ایک دن بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے: ترکی صدر

ترکی صدر رجب طیب اردگان

ترکی صدر رجب طیب اردگان

انقرہ ۔۔۔ نیوز ٹائم

ترکی صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ ان کا ملک ہر وقت فلسطینی عوام بالخصوص غزہ کی پٹی کے محصورین کے ساتھ رہے۔ غزہ کے عوام کو ایک دن بھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی مدد میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔ مرکز فلسطین کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے انقرہ میں واقع جامع مسجد میں اپنے پارٹی کے حامیوں کے جلسہ عام سے خطاب میں کہا کہ ہم ہمیشہ غزہ کی پٹی کے اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ اسرائیل نے آگ برسا کر غزہ کو بھسم کرنے اور اسے تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور ہم ایک دن بھی غزہ کی امداد سے پیچھے نہیں ہٹے ہیں۔ پچھلے ایک سال کے دوران ترکی نے غزہ کی پٹی میں تعمیرنو کی مد میں 76 ملین ڈالر کی رقم بطور امداد فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے عوام کو صحت، تعلیم، پانی، ایندھن اور زندگی کی دیگر ضروریات کے حصول کے لیے ہماری جانب سے مزید امداد بھی دی جائے گی۔ 2017 ء تک ترکی کی جانب سے غزہ کی پٹی کو دی گئی امداد 200 ملین ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔ ترک صدر نے امداد فراہم کرنے والے ممالک اور عالمی اداروں کے کردار پر کڑی نکتہ چینی کی اور کہا کہ غزہ کی پٹی کی تعمیرنو کے لیے جس جس نے بھی وعدے کیے تھے وفا نہیں کیے۔ ترکی واحد ملک ہے جس نے غزہ کی پٹی کے عوام کو وعدوں سے کہیں بڑھ کر امداد فراہم کی ہے۔ صدر اردگان کا کہنا تھا کہ بہ حیثیت مسلمان ہم کسی دوسرے انسان میں نسل، رنگ اور علاقے کی بنیاد پر کوئی فرق نہیں کرتے۔ ہم کرد، ترکی، شرکسی، جورجین، بوسنیائی، البان، ابخازی یا کسی بھی دوسرے خطے کے رہنے والے ہیں لیکن ہم آپس میں بھائی بھائی ہیں۔

No comments.

Leave a Reply