بھارتی وزیر ِاعظم مودی کا نواز شریف کو ٹیلی فون

بھارتی وزیر ِاعظم مودی کا نواز شریف کو ٹیلی فون

بھارتی وزیر ِاعظم مودی کا نواز شریف کو ٹیلی فون

اسلام آباد ۔۔۔ نیوز ٹائم

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب میاں نواز شریف کو ٹیلی فون کر کے ماہِ رمضان کی آمد کی مبارک باد دی ہے۔ اسلام آباد میں ایوانِ وزیر ِاعظم کی جانب سے منگل کو جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان گفتگو 5 منٹ تک جاری رہی۔ بھارتی وزیر ِاعظم نے ‘ٹوئٹر’ پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے وزیرِ اعظم نواز شریف کو ماہِ مقدس کے آغاز کے موقع پر بھارت کی تحویل میں موجود پاکستانی ماہی گیروں کو رہا کرنے کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا۔ بھارتی وزیرِ اعظم کے مطابق ان کی حکومت کے اس فیصلے کے نتیجے میں رہائی پانے والے پاکستانی ماہی گیر رمضان کا مقدس مہینہ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ گزار سکیں گے۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے اپنے اختلافات اور جنگ کی باتوں کو بھلا کر امن و آشتی کی طرف جانا چاہیے تاکہ دونوں ملکوں کے عام اپنے لیڈروں کو ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد رکھیں۔ پاکستان اور بھارت کو ایک دوسرے کا ہمسایہ ہونے کے ناطے مل جل کر امن سے رہنا چاہیے اور اپنے باہمی اختلافات کو اس راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دینا چاہیے۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بھارتی وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستانی ہم منصب کے علاوہ افغان صدر اشرف غنی اور بنگلہ دیش کی وزیرِ اعظم حسینہ واجد کو بھی ٹیلی فون کر کے رمضان کی مبارک باد دی ہے۔ حالیہ ہفتوں کے دوران پاکستان اور بھارت کے مختلف رہنمائوں کے تند و تیز بیانات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم کے درمیان یہ پہلا براہِ راست رابطہ ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کی حالیہ لہر کا آغاز گزشتہ سال  کے اواخر میں نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر کی بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے علیحدگی پسند رہنمائوں کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد ہوا تھا جس پر بھارت نے سخت برہمی  ظاہر کی تھی۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کشیدگی کی اس لہر میں شدت آ گئی تھی اور دونوں ملکوں کے وفاقی وزرا نے ایک دوسرے پر دہشت گردی کو فروغ دینے اور اس کا جواب دینے کے دھمکی آمیز بیانات جاری کیے تھے۔

No comments.

Leave a Reply